حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ نے 14 نومبر 2026ء کو سرائے عالمگیر، ضلع جہلم میں حوزہ علمیہ امام حسن علیہ السلام میں شہادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے منعقدہ مجلس عزاء میں شرکت کی۔
حوزہ علمیہ پہنچنے پر شیعہ علماء کونسل پاکستان شمالی پنجاب کے صدر علامہ اشتیاق حسین کاظمی سمیت دیگر علمائے کرام نے مرکزی وفد کا استقبال کیا۔
اس موقع پر منعقدہ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے دختر رسول اکرمؐ اور مادرِ امامت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے فضائل، سیرت طیبہ اور مصائب بیان کیے۔

انہوں نے کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی حیات مبارکہ خواتین سمیت تمام انسانیت کے لیے ایک کامل نمونہ ہے۔ آپ سلام اللہ علیہا کی زندگی عبادت، تقویٰ، ایثار، مظلوموں کی حمایت اور دین اسلام کے اصولوں پر ثابت قدمی کا عملی نمونہ ہے۔
مرکزی سیکرٹری جنرل نے مزید کہا: سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت و منزلت کو سمجھنے کے لیے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آپ سلام اللہ علیہا سے محبت اور مقام و مرتبہ کو پیش نظر رکھنا ضروری ہے۔ آپ سلام اللہ علیہا کی سیرت ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ حق اور اصولوں کی حفاظت کے لیے ہر دور میں بصیرت، جرأت اور استقامت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اس امر پر بھی زور دیا کہ مجالس عزاء کا مقصد اہل بیت اطہار علیہم السلام کی سیرت و تعلیمات سے آگاہی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے پیغام کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنانا ہے، تاکہ معاشرے میں دینی شعور، اخلاقی اقدار اور محبت اہل بیتؑ کو فروغ دیا جا سکے۔
مجلس عزاء سے قبل دیگر علمائے کرام نے بھی خطاب کیا جبکہ عزاداران نے نوحہ خوانی اور پرسہ داری کے ذریعہ بارگاہِ دختر رسولؐ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
قابل ذکر ہے کہ مجلس کے اختتام پر علمائے کرام کے وفد نے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی سے ملاقات بھی کی۔ جس میں تنظیمی امور، قومی مسائل اور دینی و ملی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر باہمی روابط کے فروغ اور ملی و تنظیمی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔











آپ کا تبصرہ